بنگلورو31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت سے گزارش کی گئی ہے کہ خشک سالی کا جائزہ لینے فوری طور پر ایک مرکزی ٹیم کرناٹک روانہ کی جائے۔ آج دہلی میں وزیر مالگزاری آر وی دیش پانڈے اور وزیر زراعت شیوشنکر ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ان سے گزارش کی کہ ریاست میں خشک سالی سے نپٹنے کے لئے فوری طور پر 2434 کروڑ روپیوں کی امداد جاری کی جائے۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ ریاست کے 100 سے زیادہ تعلقہ جات خشک سالی کی لہر میں مبتلا ہیں، خشک سالی کے سبب ریاست کو اب تک 16642کروڑ روپیوں کا نقصان ہو ا ہے، اس سے نپٹنے کے لئے فوری طور پر آفات سماوی کے قومی فنڈ سے 2434کروڑ روپے جاری کئے جائیں۔ وزیر داخلہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ رواں سال ریاست کے ملناڈ علاقوں اور کورگ میں بارش ، طوفان اورزمین کھسکنے کے واقعات کی وجہ سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، اب اس کے فوراً بعد 100 تعلقہ جات میں خشک سالی سے حالات اور بھی بدتر ہوگئے ہیں۔خشک سالی کے سبب 26.18 لاکھ ہیکڑ زمین پر فصل تباہ ہوچکی ہے، اس میں 1.94لاکھ ہیکڑزمین پر باغبانی کی فصلیں تھیں۔ وزراء نے مسٹر راجناتھ سنگھ کو بتایاکہ خشک سالی سے نپٹنے کے لئے ریاستی حکومت نے ہر تعلقہ کو 50لاکھ روپے منظور کئے ہیں اور اس میں سے 25روپے جاری بھی کردئے ہیں۔ ان وزارت نے ریاستی حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے لئے اٹھائے گئے قدم کی تفصیل بھی وزیر داخلہ کو دی۔